اَے بِنتِ صِیُّون تُو نِہایت شادمان ہو۔ اَے دُخترِ یروشلیِم خُوب للکار کیونکہ دیکھ تیرا بادشاہ تیرے پاس آتا ہے۔ وہ صادِق ہے اور نجات اُس کے ہاتھ میں ہے۔ وہ حلِیم ہے اور گدھے پر بلکہ جوان گدھے پر سوار ہے۔
کہ ربُّ الافواج نے یُوں فرمایا تھا کہ راستی سے عدالت کرو اور ہر شخص اپنے بھائی پر کرم اور رحم کِیا کرے۔ اور بیوہ اور یتِیم اور مُسافِر اور مِسکِین پر ظُلم نہ کرو اور تُم میں سے کوئی اپنے بھائی کے خِلاف دِل میں بُرا منصُوبہ نہ باندھے۔
تُم اپنے باپ دادا کی مانِند نہ بنو جِن سے اگلے نبِیوں نے بآوازِ بُلند کہا ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم اپنی بُری روِش اور بد اعمالی سے باز آؤ پر اُنہوں نے نہ سُنا اور مُجھے نہ مانا خُداوند فرماتا ہے۔
اور مَیں یہُوداؔہ کے گھرانے کی تقوِیّت کرُوں گا اور یُوسفؔ کے گھرانے کو رہائی بخشُوں گا اور اُن کو واپس لاؤُں گا کیونکہ مَیں اُن پر رحم کرتا ہُوں اور وہ اَیسے ہوں گے گویا مَیں نے اُن کو کبھی ترک نہیں کِیا تھا کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں اور اُن کی سنُوں گا۔