خُداوند تیرا خُدا جو تُجھ میں ہے قادِر ہے۔ وُہی بچا لے گا۔ وہ تیرے سبب سے شادمان ہو کر خُوشی کرے گا۔ وہ اپنی مُحبّت میں مسرُور رہے گا۔ وہ گاتے ہُوئے تیرے لِئے شادمانی کرے گا۔
جِس نے اپنے آپ کو ہمارے واسطے دے دِیا تاکہ فِدیہ ہو کر ہمیں ہر طرح کی بے دِینی سے چُھڑا لے اور پاک کر کے اپنی خاص مِلکِیّت کے لِئے ایک اَیسی اُمّت بنائے جو نیک کاموں میں سرگرم ہو۔
پس اب جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہیں اُن پر سزا کا حُکم نہیں۔ کیونکہ زِندگی کے رُوح کی شرِیعت نے مسِیح یِسُوعؔ میں مُجھے گُناہ اور مَوت کی شرِیعت سے آزاد کر دِیا۔
مَیں خُداوند سے بُہت شادمان ہُوں گا۔ میری جان میرے خُدا میں مسرُور ہو گی کیونکہ اُس نے مُجھے نجات کے کپڑے پہنائے۔ اُس نے راست بازی کے خِلعت سے مُجھے مُلبّس کِیا جَیسے دُلہا سِہرے سے اپنے آپ کو آراستہ کرتا ہے اور دُلہن اپنے زیوروں سے اپنا سِنگار کرتی ہے۔
خُداوند خُدا کی رُوح مُجھ پر ہے کیونکہ اُس نے مُجھے مَسح کِیا تاکہ حلِیموں کو خُوش خبری سُناؤُں۔ اُس نے مُجھے بھیجا ہے کہ شِکستہ دِلوں کو تسلّی دُوں۔ قَیدیوں کے لِئے رہائی اور اسِیروں کے لِئے آزادی کا اِعلان کرُوں۔
کیونکہ خُدا کا وہ فضل ظاہِر ہُؤا ہے جو سب آدمِیوں کی نجات کا باعِث ہے۔ اور ہمیں تربِیّت دیتا ہے تاکہ بے دینی اور دُنیَوی خواہِشوں کا اِنکار کر کے اِس مَوجُودہ جہان میں پرہیزگاری اور راست بازی اور دِین داری کے ساتھ زِندگی گُذاریں۔