مَیں تُمہارے بُڑھاپے تک وُہی ہُوں اور سر سفید ہونے تک تُم کو اُٹھائے پِھروں گا۔ مَیں ہی نے خلق کِیا اور مَیں ہی اُٹھاتا رہُوں گا۔ مَیں ہی لِئے چلُوں گا اور رہائی دُوں گا۔
تُو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ۔ مت ڈر اور نہ اُن سے خَوف کھا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا خُود ہی تیرے ساتھ جاتا ہے۔ وہ تُجھ سے دست بردار نہیں ہو گا اور نہ تُجھ کو چھوڑے گا۔
اِس لِئے اُن سے کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ آگے کو میری کِسی بات کی تکمِیل میں تاخِیر نہ ہو گی بلکہ خُداوند خُدا فرماتا ہے کہ جو بات مَیں کہُوں گا پُوری ہو جائے گی۔
خُداوند تُجھ پر رحم کرنے والا یُوں فرماتا ہے کہ پہاڑ تو جاتے رہیں اور ٹِیلے ٹل جائیں لیکن میری شفقت کبھی تُجھ پر سے جاتی نہ رہے گی اور میرا صُلح کا عہد نہ ٹلے گا۔
تب اگر میرے لوگ جو میرے نام سے کہلاتے ہیں خاکسار بن کر دُعا کریں اور میرے دِیدار کے طالِب ہوں اور اپنی بُری راہوں سے پِھریں تو مَیں آسمان پر سے سُن کر اُن کا گُناہ مُعاف کرُوں گا اور اُن کے مُلک کو بحال کر دُوں گا۔