اَے میری جان! تُو کیوں گِری جاتی ہے؟ تُو اندر ہی اندر کیوں بے چَین ہے؟ خُدا سے اُمّید رکھ کیونکہ وہ میرے چہرے کی رَونق اور میرا خُدا ہے۔ مَیں پِھر اُس کی سِتایش کرُوں گا۔
خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ راستوں پر کھڑے ہو اور دیکھو اور پُرانے راستوں کی بابت پُوچھو کہ اچّھی راہ کہاں ہے؟ اُسی پر چلو اور تُمہاری جان راحت پائے گی پر اُنہوں نے کہا ہم اُس پر نہ چلیں گے۔
کیونکہ میرے دِل کو تُو ہی نے بنایا۔ میری ماں کے پیٹ میں تُو ہی نے مُجھے صُورت بخشی۔ مَیں تیرا شُکر کرُوں گا کیونکہ مَیں عجِیب و غرِیب طَور سے بنا ہُوں تیرے کام حَیرت انگیز ہیں۔ میرا دِل اِسے خُوب جانتا ہے۔
فقط اُس فرمان اور شرع پر عمل کرنے کی نِہایت اِحتیاط رکھنا جِس کا حُکم خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے تُم کو دِیا کہ تُم خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو اور اُس کی سب راہوں پر چلو اور اُس کے حُکموں کو مانو اور اُس سے لِپٹے رہو اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے اُس کی بندگی کرو۔
اور دیکھو مَیں آج اُسی راستے جانے والا ہُوں جو سارے جہان کا ہے اور تُم خُوب جانتے ہو کہ اُن سب اچّھی باتوں میں سے جو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہارے حق میں کہِیں ایک بات بھی نہ چُھوٹی۔ سب تُمہارے حق میں پُوری ہُوئِیں اور ایک بھی اُن میں سے رہ نہ گئی۔
کیا تُم نہیں جانتے کہ تُمہارا بدن رُوحُ القُدس کا مَقدِس ہے جو تُم میں بسا ہُؤا ہے اور تُم کو خُدا کی طرف سے مِلا ہے؟ اور تُم اپنے نہیں۔ کیونکہ قِیمت سے خرِیدے گئے ہو۔ پس اپنے بدن سے خُدا کا جلال ظاہِر کرو۔